آل پاکستان انجمن تاجران

پیر سے پورا ہفتہ رات 12بجے تک کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت سے طے پانے والے ایس او پیز پر عملدرآمد کے پابند ہیں لیکن حکومت بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ، اپیل ہے کہ پیر کے روز سے پورا ہفتہ رات 12بجے تک کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ تاجر خریدے گئے مال کی ادائیگیاں کرنے کے قابل ہو سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ لیا گیا اور مارکیٹوں میں سر کلر جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ لاک ڈاﺅن کی وجہ سے ہر طربقہ بری طرح متاثر ہوا ہے ۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال سیل کی شرح کئی گنا کم ہے اور تاجر اونے پونے داموں اپنا مال فروخت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجر طبقے کو معیشت میں ریڑھ کی ہڈی تو قرار دیتی ہے لیکن موجودہ حالات میں خود ہی اس ہڈی کو مفلوج کر رہی ہے ۔

تاجروں کو صرف اپنے کاروبار کی پریشانی نہیں بلکہ ہمارے ساتھ لاکھوں کی تعداد میں ملازمین بھی وابستہ ہیں جو لاکھوںگھرانے بنتے ہیں اس لئے مطالبہ ہے کہ حکومت اتنی مشکلیں ڈالے جتنی ہم برداشت کرسکےں۔ انہوں نے کہا کہ ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ آئندہ بجٹ میں کسی طرح کے مزید ٹیکسز کا بوجھ برداشت نہیں کیا جائے گا اس لئے حکومت نئے ٹیکسز لگانے یا پہلے سے موجود ٹیکسز میں اضافے کی بجائے ان کی شرح میں کمی کرے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں