پیرمحل

پیرمحل تحصیل انتظامیہ کی مبینہ غفلت،گندگی کے ڈھیروں اور ناقص سیوریج کے باعث سڑکیں کوڑا دان میں تبدیل

پیرمحل(نمائندہعکس آن لائن)تحصیل انتظامیہ کی مبینہ غفلت،گندگی کے ڈھیروں اور ناقص سیوریج کے باعث شہر میں ڈینگی اور ملیریا جیسی بیماریاں پھیلنے کاخطرہ،اسسٹنٹ کمشنر آفس کو جانیوالی سڑکیں بھی کوڑا دان میں تبدیل ہوگئیں ۔ پیرمحل کو حکومت پنجاب کی جانب سے 2013ءمیں باقاعدہ طور پرتحصیل کادرجہ تو دے دیا گیامگرشہریوں کودرپیش مسائل کم ہونے کی بجائے ان میں اضافہ حیران کن ہے ۔

شہرکے گنجان آباد محلے گندگی کی آماجگاہ بن چکے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کا صاف ستھری فضا ءمیں سانس لینا بھی خواب بن کر رہ گیا ہے۔ اگر جائزہ لیا جائے تو شہر کے اہم چوکوں ،بازاروں اور گلی کوچوں میں جگہ جگہ پڑے گندگی و غلاظت کے ڈھیر،ابلتے گٹر اور نالیاں متعلقہ حکام کی کارکردگی کو ظاہر کرنے کیلئے کافی ہیں حالانکہ شہرمیں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر کرنے کا عوامی مطالبہ بہت دیرینہ ہے۔

اے سی آفس کو جانیوالی سڑکیں فلتھ ڈپو میں تبدیل ہونے سے تحصیل انتظامیہ کی شاندار کارکردگی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔جیسے جیسے شہر کی آبادی میں اضافہ ہو رہاہے ویسے ہی صفائی انتظامات بھی بد سے بد تر ہوتے نظر آتے ہیں ۔گلی محلوں اور دیگر مقامات کی صفائی کروانے کیلئے شہریوں کو بااثر افراد کی سفارشات کا سہارا لینا پڑرہا ہے ۔گلیوںاور بازاروں میں کھڑا سیوریج کا پانی مچھروں کی افزائش نسل میں اضافے کا موجب بن رہا ہے۔ شہری تنظیموں کے عہدیداروں سمیت عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں