میڈیکل اسٹورز

پیرمحل:میڈیکل اسٹورز موت بانٹنے لگے،نشہ آور انجیکشنوں کی کھلے عام فروخت جاری

پیرمحل(نمائندہ عکس آن لائن)میڈیکل اسٹورز موت بانٹنے لگے،نشہ آور انجیکشنوں کی کھلے عام فروخت جاری ،نوجوان نسل تباہی سے دوچارہونے لگی۔

پیرمحل ،سندھیلیانوالی ،اروتی اور بھسی میں قائم متعدد میڈیکل سٹور وں پر کھلے عام نشہ آور انجیکشن دستیاب ہونے کی وجہ سے نہ صرف لوٹ مار کا بازار گرم ہے بلکہ متعلقہ محکمہ کی مبینہ پراسرار خاموشی کی وجہ سے نوجوان نسل تیزی سے تباہی کی جانب بڑھ رہی ہے۔

اگر شہری اور دیہاتی حلقوں کا جائزہ لیا جائے تو پڑھے لکھے اچھی شکل وصورت کے نوجوان نشہ کا عادی ہونے کی وجہ سے بھیک مانگنے کے ساتھ چوری کی وارداتیں کرنے میں بھی مصروف عمل ہیں ۔بلاخوف وخطرہ کھلم کھلا موت بانٹنے والے میڈیکل ا سٹور مالکان چند روپوں کے انجیکشن کی منہ مانگی قیمت وصول کر کے نہ صرف نوجوانوں کو لوٹ رہے ہیں بلکہ ہنستے بستے گھرانوں کی تباہی کا بھی موجب بن رہے ہیں۔

نشہ آور انجیکشن فروخت کرنے کا غیر قانونی دھندہ مسلسل کئی سالوں سے جاری وساری ہے ۔اگر جائزہ لیا جائے توریلوے اسٹیشن ،جنرل بس ا سٹینڈ ،تفریحی مقامات اور ہوٹلز نشیﺅں کی بہترین آماجگاہ ہیں جہاں وہ بھیک مانگنے کے ساتھ ایک دوسرے کو انجیکشن لگانے کا فریضہ بھی سرانجام دیتے نظر آتے ہیں۔

ان کے جسموں پر بنے گہرے زخموں پر بھنبھناتی مکھیوں کو دیکھ کر لوگ انہیں بھیک کی صورت میں سکے اور کرنسی نوٹ دے ڈالتے ہیں ۔شہری تنظیموں کے عہدیداروں سمیت عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر،ڈی پی اوٹوبہ ٹیک سنگھ اورمحکمہ صحت کے آفیسران بالا سے فوری نوٹس لینے کاپرزور مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں