پرویز حنیف

پیداوار ی لاگت بڑھنے ، دیگر مسائل کی وجہ سے قالینوں کی صنعت کو عالمی منڈی میں شدید مشکلات درپیش ہیں ‘ پرویز حنیف

اسلام آباد(عکس آن لائن)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ حکومت نے ہنر سکھانے والے اداروں پر اس طرح توجہ مرکوز نہیں کی جس کی ضرورت تھی ،مطالبہ ہے کہ آئند ہ مالی سال کے بجٹ میں ایسے اداروں کی بھرپور معاونت کی پالیسی لائی جائے ،حکومت پوری دنیا میں پاکستان کی پہچان سمجھی جانے والی ہاتھ سے بنے قالینوںکی صنعت کو بچانے کیلئے بھی عملی اقدامات اٹھائے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر سال لاکھوں نوجوان روزگارکیلئے مارکیٹ میں آرہے ہیں اور اتنی بڑی تعداد کو کسی صورت بھی پبلک سیکٹر میں روزگار نہیں دیا جا سکتا ۔

حکومت کو چاہیے کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے جامع پالیسی مرتب کرے جس کے تحت ہنر سکھانے اورہنر سیکھنے والوں کی سرپرستی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے پلیٹ فارم سے انوویشن کی جانب پیشرفت کی جارہی ہے کیونکہ پاکستان کی ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوں کی مصنوعات پوری دنیا میں اپنی منفرد پہچان رکھتی ہیں ۔ حالیہ سالوں میں پیداوار ی لاگت بڑھنے اور دیگر مسائل کی وجہ سے پاکستان کی اس صنعت کو عالمی منڈی میں مقابلے کی دوڑ میں شدید مشکلات درپیش ہیں ، حکومت کو بارہا درخواستیں کی جا چکی ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں