مکوآنہ (عکس آن لائن)پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 18 فیصد کی کمی جبکہ اکتوبر میں ماہانہ بنیادوں پر 25 فیصد کااضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ملک میں 5.03 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 6.15 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔ اکتوبر میں ملک میں 1.26 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو ستمبر کے مقابلہ میں 25 فیصد زیادہ ہے۔ ستمبر میں ملک میں 1.01 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 2.43 ملین ٹن پٹرول، 2 ملین ٹن ہائی سپیڈ ڈیزل اور 0.40 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ہوئی ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 4، 8 اور66 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2.54 ملین ٹن پٹرول، 2.17 ملین ٹن ہائی سپیڈ ڈیزل اور 1.19 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت دیکھنے میں آئی تھی۔ اکتوبر میں پٹرول کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 12فیصد اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 42 فیصد کا اضافہ ہواہے، اس کے برعکس فرنس آئل کی فروخت میں اکتوبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 37 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔