پشاور(عکس آن لائن)خیبر پختونخوا میں پولیو کے تین نئے کیسزسامنے آئیں ہیں جس کے بعد سال رواں کے دوران صوبے میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد64ہوگئی ہے۔ جمعہ کے روز ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت کے یونین کونسل بخمل احمد زئی،ماشمنصوراوردر ہ تنگ کے بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان بچوں کے فُضلہ کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی لیبارٹری بھجوائے گئے جہاں تفصیلی تجزیہ کے بعد ان بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ۔
رواں سال میں اب تک ملک میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد86جبکہ خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد64ہوچکی ہے ،صوبے میں پولیو کے نئے کیسزسامنے آنے پر ایمر جنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے ای او سی کوآرڈینیٹرنے کہا کہ ہر بچے تک رسائی اور پولیو قطرے پلوانا ضروری ہے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ18نومبربروزپیر سے ہزارہ ڈیژون کے تمام اضلاع جبکہ ملاکنڈ ڈیژون کے صرف شانگلہ ضلع میں شروع ہونے والے مہم میں پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرکے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں اور اپنے بچوں کو معذوری سے بچائیں ۔ عبدالباسط نے کہا کہ موثر انسداد پولیو مہمات میں ہر بچے تک پہنچ کر اسے پولیو قطرے پلائے بغیر پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو ویکسین ہر لحاظ سے محفوظ ہے۔