لاہور (نمائندہ عکس ) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے بتایا کے چھاپے کے دوران وہ گھر کے اسٹور میں آدھا گھنٹہ چھپے رہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد پولیس لا ہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔
اس حوالے سے میاں محمود الرشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مارچ کے حوالے سے لاہور سے روانگی کیلئے حماد اظہر کے گھر فائنل میٹنگ تھی، میٹنگ میں پارٹی کی لاہور کی لیڈرشپ اکھٹی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران چوکیدار نے شور مچا دیا کہ پولیس آگئی، تو میں گھر کے اسٹورمیں ایک باکس کے نیچے چھپ کر آدھا گھنٹہ بیٹھا رہا۔
دوسری جانب رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل نے بتایا کہ میرے گھرپر 15 پولیس اہلکاروں نے چھاپہ مارا، خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی۔ سعدیہ سہیل کاکہنا تھا کہ پولیس والوں نے کوئی وارنٹ نہیں دکھائے، گھر کی تلاشی لی اورجاتے ہوئے اہلکار میری سرکاری گاڑی بھی لے گئے۔