اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم ،پاکستان کی افواج، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے، آئے روز پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی سازشیں کی جاتی ہیں ، ہم کسی صورت اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ،ہمیں میڈیا اور سول سوسائٹی کے تعاون کی ضرورت ہے
کشمیریوں کے یوم حق خود ارادیت کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیر خارجہ نے کہاکہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت کی فراہمی کا وعدہ اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے کا ہے ،یہ وعدہ پچھلے بہتر سال سے تکمیل کا منتظر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے حق خود ارادیت کے راستے میں روڑے اٹکائے، رکاوٹیں کھڑی کیں، اسے کچلنے کیلئے کالے قوانین کا نفاذ کیا ۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت نے ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے حریت قیادت کو پابند سلاسل کیا تاہم حوصلہ کن بات یہ ہے کہ کشمیریوں کا جذبہ آج بھی اتنا ہی پختہ ہے جتنا کہ 72 سال پہلے تھا ۔انہوںنے کہاکہ آج کے دن میں مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم آپ کی حق خود ارادیت کی اس اصولی جدوجہد میں آپ کے ساتھ ہیں ،ہم آپ کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم پاکستان کی افواج، پاکستان کا بچہ بچہ آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے ،اس اصولی موقف کی حمایت کی پاداش میں پاکستان نے بڑی قیمت چکائی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آئے روز ہمارا بازو مروڑنے کی کوشش کی جاتی ہے پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی سازشیں کی جاتی ہیں لیکن ہم کسی صورت اس اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔
انہوںنے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج بھی کمیونیکیشن بلیک آؤٹ ہے بین الاقوامی میڈیا کو رسائی نہیں دی جا رہی، یو این موگپ کے نمائندوں کو اجازت نہیں دی جا رہی ۔ شاہ محمود نے کہاکہ ان پابندیوں کے باوجود اصل حقائق کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جا رہا ہے ،پاکستان ہراول دستے کے طور پر ان کا موقف پیش کر رہا ہے ،وزیر اعظم عمران خان، وزارتِ خارجہ کے تمام مشنز خلوص نیت سے کشمیریوں کی آواز کو دنیا بھر میں اجاگر کر رہے ہیں ،ہمیں اس حوالے سے میڈیا اور سول سوسائٹی کے تعاون کی ضرورت ہے ۔
انہوںنے کہاکہ میڈیا جس طرح آج کے دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف پروگرامز آن ائیر کر رہا ہے ان سے ہماری آواز کو تقویت ملتی ہے ،اسے حق ارادیت کی طرف قدم سمجھتا ہوں ،ہم جی5 ممالک سمیت دنیا بھر کے ساتھ رابطے میں ہیں ،ہم انہیں بھارتی عزائم، اپنی تشویش اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھے ہوئے ہیں ،ای یو ڈس انفولیب کی رپورٹ نے بھارتی عزائم کو بے نقاب کر دیا ہے ۔