کراچی(عکس آن لائن)سندھ ہائی کورٹ میں پنک بس کی ٹکٹ چیکر کے یونیفارم کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ہے۔
جمعہ کوسندھ ہائیکورٹ میں خواتین کے لیے مخصوص پنک بس کی ٹکٹ چیکر کے یونیفارم کے خلاف ایڈووکیٹ شازیہ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنک بس کی ٹکٹ چیکر کا یونیفارم دیکھ کرحیرت ہوئی۔درخواست گزار نے کہاکہ پنک بس ٹکٹ چیکر نے سفید شلوار قمیض اور کالا کوٹ پہنا ہوا تھا جو خواتین وکلا کا آفیشل یونیفارم ہے۔
پنک بس سروس کی ٹکٹ چیکر کا یونیفارم تبدیل کرنے کے لیے بار ایسوسی ایشن سے بھی رجوع کیا تاہم انہوں نے کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔درخواست میں سندھ حکومت، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور ڈائریکٹر پنک بس سروس کو فریق بناتے ہوئے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ٹکٹ چیکر کا یونیفارم تبدیل کرنے کا حکم دیا جائے۔