لاہور(عکس آن لائن)پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز کے زیر اہتمام ’سپر فوڈز، مستقبل کی خوراک اور ادویات‘ کے موضوع پر آگاہی سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر چیئرمین لیسکو و سابق وزیر حافظ میاں محمد نعمان، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم حیدر، سپر فوڈز کے ماہر ڈاکٹر شہزاد احمد بسرا، فیکلٹی ممبران اور طلباﺅطالبات نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔
اپنے خطاب میں حافظ نعمان نے کہا کہ اچھی صحت کے لیے سپر فوڈز بارے آگاہی فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے جس کے لئے پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے طلباءکی جانب سے لگائے گئے کھانے پینے کے سٹالز کا بھی دورہ کیا۔ڈاکٹر شہزاد نے صحت و تندرستی پر سپر فوڈز کے مثبت اثرات کی حمایت کرنے والے سائنسی شواہد پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے روزمرہ کے کھانوں میں سپر فوڈز کو شامل کرنے کے بارے میں عملی تجاویز فراہم کیں۔ ڈاکٹر محمد سلیم حیدر نے سیمینار میں اپنے علم اورتجربات بارے شرکاءکو آگاہ کرنے پر مقررین، ماہرین سمیت مہمان خصوصی حافظ میاں محمد نعمان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے آرگنائزنگ کمیٹی کا بھی شکریہ اداکیا جنہوں نے سپر فوڈز اور صحت سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے کے لیے بہترین سیمینار کا انعقاد کیا۔
غذائی ماہر ڈاکٹر زین نے دائمی بیماریوں سے لڑنے اور مدافعتی نظام کو بڑھانے میں سپر فوڈز کے کردار پرسیر حاصل بات چیت کی۔ بعد ازاں سیمینار میںلائیو پینل ڈسکشن میں شرکاءکو ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے اور سپر فوڈز کو ان کے غذائی معمولات میں ضم کرنے کے طریقوں بارے جاننے کا موقع ملا۔اس موقع پر بیری، کوئنو، چیا سیڈز، مورنگا اور ہلدی سمیت سپر فوڈز کی نمائش کی گئی جبکہ طلباءنے سپر فوڈز سے مختلف ڈشیں تیار کیں ۔