ڈاکٹر یاسمین راشد

پنجاب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد

لاہور (عکس آن لائن) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاہے کہ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایوان وزیراعلیٰ 90شاہراہ قائداعظم پر جوائنٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان، وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر خوراک سمیع اللہ، وزیرتوانائی ملک محمد اختر، رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، چیف سیکرٹری پنجاب میجر(ر) اعظم سلیمان، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹر نبیل احمد اعوان اور سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس بھی موجود تھے۔ وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس موقع پر مزیدکہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج کابینہ اجلاس میں صوبہ بھر میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال، احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیاہے۔ خدانخواستہ کورونا وائرس کی وباء پھیلنے پر ہر ممکن قدم اٹھاناہوگا جس کیلئے تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام محکمہ جات آپس میں مکمل کوارڈینیشن میں رہیں۔

پنجاب کے پانچ بین الاقوامی ایئرپورٹس پر مسافروں کی سکریننگ کے عمل کی مانیٹرنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی مدد سے ایئرپورٹس پر مانیٹرنگ کے عمل کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ پنجاب میں کوروناوائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے پنجاب کے تین بڑے ہسپتالوں مظفرگڑھ میں 250بستروں پر مشتمل طیب اردگان ہسپتال، لاہور میں 400بستروں پر مشتمل پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اور 250بستروں پر مشتمل انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی راولپنڈی تیار کر رکھے ہیں۔ تمام ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور اضافی درکار طبی سامان پہنچادیاگیا ہے۔

دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی سب سے زیادہ شرح اٹلی میں ہے جس کی بنیادی وجہ وقت پر حفاظتی تدابیر اور انتظامات کا فقدان ہے۔ پنجاب میں کورونا وائرس کی بدلتی صورتحال کا 24گھنٹے جائزہ لیاجا رہاہے جس کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری صحت بیرسٹر نبیل احمد اعوان کر رہے ہیں۔عوام محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ حفاظتی تدابیر میں بار بار ہاتھ دھونا، دوسروں سے ہاتھ مت ملانا اور چہرے کو بار بار ہاتھ نہ لگانا شامل ہیں۔متاثرہ ممالک سے آئے مسافر اپنا چیک اپ ضرور کروائیں۔ ہم حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کرکے کرونا وائرس کی مکمل روک تھام کر سکتے ہیں۔ عوام غیرضروری گھروں سے مت نکلیں اور اس وائرس کو روکنے کے لئے محدود نقل و حرکت سب سے اہم ہے۔ چیف سیکرٹری کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالہ سے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔

عوام میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالہ سے آگاہی پھیلانے کے لئے موثر آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ کے بارے میں غلط فہمی پیدا کی جا رہی ہے۔ وزیرقانون راجہ بشارت نے ہی ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ چار ملاقاتیں کی ہیں۔ ایم ٹی آئی ایکٹ کے حوالہ سے تمام سٹیک ہولڈرز کے تحفظات دور کئے جا چکے ہیں۔ تمام ڈاکٹرز سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے بالکل تیار اور الرٹ ہیں۔ ہمارے پاس ایکسپرٹس ہیں جو تمام تر صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کی موجودگی کی وجہ سے یہ وباء پنجاب میں بھی آ سکتی ہے جس وجہ سے ہم تمام حفاظتی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ عوام کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پہلے سے ہی ذہنی طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں