لاہور (نمائندہ عکس) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں سکلڈ ورک فورس کیلئے اداروں کو جدید خطوط پراستوار کیا جائیگا۔ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں انجینئرنگ یونیورسٹیز اورٹیکنالوجی کالجز کے امور کا جائزہ لیا گیا، پراجیکٹس کی فیزیبلٹی رپورٹ مینجمنٹ اورفنانشل کنسلٹینسی کے لئے مقامی یونیورسٹیز سے رجوع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں سکلڈ ورک فورس کیلئے اداروں کو جدید خطوط پراستوار کیا جائے گا، فیزیبلٹی رپورٹ اور کنسلٹینسی کیلئے مقامی یونیورسٹیز کے پروفیشنل اساتذہ اور طلبہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ چودھری پرویزالہی نے کہا ہے کہ مقامی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے سے قیمتی زرمبادلہ بچے گا،
کنسلٹینسی فراہم کرنے سے طلبہ کی پیشہ وارانہ صلاحتیں اجاگر ہوں گی۔ وزیراعلی کا کہنا ہے کہ ترقی کی دوڑ میں شمولیت کیلئے انجینئرنگ اورٹیکنالوجی پر عبور ضروری ہے، سکلڈ ورک فورس حقیقی ترقی کیلئے ناقابل فراموش کردارادا کرسکتی ہے۔