فیصل آباد (عکس آن لائن) پنجاب کے مختلف اضلاع میں سرسو ں ، توریا ، رایا ، کینولا و دیگر تیلدار اجناس کی فصل پر پھول نکلنے کے اہم مرحلہ میں سرسوں کے سست تیلے ، سرسوں کی آرادار مکھی ، دھبے دار بگ ، گوبھی کی تتلی کاحملہ ہوسکتاہے اسلئے کاشتکار احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ماہرین تیلدار اجناس نے بتایاکہ پاکستان کی موجودہ آبادی 22کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے اور اس بڑھتی ہوئی آباد کی خوردنی تیل کی ضروریات پورا کرنے کے لیے تیلدار اجناس سرسوں، توریا، رایا اور کینولہ کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ازحد ضروری ہے ۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں یہ تیلدار اجناس اس وقت بڑھوتری کرکے پھول نکلنے کے اہم مرحلہ میں داخل ہوچکی ہیں جن پر سرسوں کے سست تیلے، سرسوں کی آرا دار مکھی ، دھبے دار بگ اور گوبھی کی تتلی کا حملہ ہوسکتا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ سرسوں کا سست تیلہ جسامت میں چھوٹا اور رنگ میں سبزی مائل زرد ہوتا ہے جس کے بچے اور بالغ ایک ہی جگہ کافی تعداد میں گچھو ں کی صورت میں ہوتے ہیں جبکہ بالغ اور بچے دونوں پتوں ، شگوفوں ، پھولوں اور پھلیوں سے رس چوستے ہیں ا س طرح حملہ شدہ پھلیوں میں صحت مند بیج نہیں بنتا ۔مزید برآں اس کے جسم سے خارج شدہ لیس دار مادہ سے پتوں پر سیاہ رنگ کی الی لگ جاتی ہے جس سے پودوں میں خوراک بنانے کا عمل شدید متاثر ہوتا ہے ۔
انہوں نے بتایاکہ سرسوں کی آرا دار مکھی کی سنڈی کا رنگ گہرا سبزی مائل سیاہ اور جسم پر جھریاں ہوتی ہیں جوپتوں کو کھا کر نقصان پہنچاتی ہیں اور بعض اوقات پتوں کی صرف رگیں باقی رہ جاتی ہیں نیزشدید حملہ کی صورت میں پودے بیج بنانے میں بھی ناکام رہ جاتے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ گوبھی کی تتلی کی سنڈی کا رنگ ابتدائی حالت میں پیلا اور بعد میں سبزرنگ میں تبدیل ہوجاتا ہے جس کے جسم پر ننھے دھبے اور باریک بال نظر آتے ہیں اور یہ سنڈی کی حالت میں فصل کو نقصان پہنچاتی ہے جس کا حملہ زیادہ تر ٹکڑیوں کی حالت میں ہوتا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ان نقصان رساں کیڑوں کے تدارک کے لیے کاشتکار اپنے کھیتوں ، کھالوں اور وٹوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار شعبہ حشرات کی لیبارٹریوں سے کسان دوست کیڑے حاصل کرکے اپنے کھیتوں میں چھوڑیں اورشدید حملہ ہونے کی صورت میں مقامی زرعی توسیعی عملہ کے مشورہ سے سفارش کردہ زہروں کا استعمال بھی یقینی بنائیں۔