عظمیٰ بخاری

پنجاب میں سبزیوں کی قیمتیں گزشتہ 6سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں’عظمیٰ بخاری

لاہور (عکس آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں سبزیوں کی قیمتیں گزشتہ 6سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں،ہماری کوشش ہے کہ عید الاضحی پر بھی سبز مصالحہ جات کی قیمتوں کو ایسے ہی برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں بے بنیاد ہیںبلکہ سبزیوں کی قیمتوں میں 100 تک کمی ہوئی ہے۔لاہور میں درجہ اول کے آلو 70روپے ،درجہ دوئم کے آلو 60روپے کلو فروخت ہورہے ہیں، تین ماہ قبل 250 روپے کلو فروخت ہونے والا پیاز آج 100روپے کلو فروخت ہورہا ہے، درجہ اول کے ٹماٹر 37سے 40روپے کلو اور درجہ دوئم کے ٹماٹر 30سے 35روپے کلو فروخت ہورہے ہیں،400روپے کلو والی بھنڈی 150روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گرمی بڑھنے سے لیموں کی طلب میں اضافہ ہوا اس لیے قیمت بڑھ گئی ہے، لیموں کا جیسے ہی نیا سیزن آئے گا قیمتیں بھی کم ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک مدت کے بعد سبزیوں کی قیمتوں میں بڑی حد تک کمی آئی ہے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ذاتی دلچسپی سے سبزیوں کی قیمتیں کم ہورہی ہیں، مریم نواز نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو قیمتیں کنٹرول کیلیے متحرک کیا ہے، مریم نواز ہفتے میں ایک مرتبہ لازمی پرائس کنٹرول پر میٹنگ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر کے ڈی سی،اے سی اور کمشنر پرائس کنٹرول کے لیے روزانہ مارکیٹوں کے وزٹ کرتے ہیں، ہماری کوشش ہے عید الاضحی پر بھی سبز مصالحہ جات کی قیمتوں کو ایسے ہی برقرار رکھا جائے۔
٭٭٭٭