وزیر اطلاعات و ثقافت

پنجاب حکومت کا27 اکتوبر سے 12 نومبر تک ”لہور لہور ہے”میلے کے انعقاد کا فیصلہ

لاہور(عکس آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر نے ثقافتی میلے کی تیاریوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پنجاب میں27 اکتوبر سے 12 نومبر تک ”لہور لہور ہے”کہ عنوان سے مختلف سرگرمیاں منعقد کروائی جائیں گی۔ ثقافتی میلے کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عامر میر نے کہا کہ میلے میں ہر محکمہ اپنے اپنے دائرہ کار کے مطابق انتظامات کا ذمہ دار ہوگا اور محکمہ اطلاعات و ثقافت فنون لطیفہ کے ذریعے پنجاب کی ثقافت کے مختلف رنگوں کو نمایاں کرے گا۔

صوبائی وزیر عامر میر نے کہا ہے کہ محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام کلاسیکل، فوک اور پاپ میوزک ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔ پنجابی اور اردو سمیت مختلف مقامی زبانوں میں مشاعروں کا اہتمام کیا جائے گا۔ میلے میں مختلف موضوعات پر مصوری کی نمائش کے علاہ روایتی رقص پرفارمنگ آرٹ کی نمائندگی کریں گے۔ کلچرل فیسٹیول میں بچوں کی دلچسپی کے لیے پپٹ شوز اور نوجوانوں کے لیے تھیٹر کا اہتمام کیا جائے گا۔

محکمہ اطلاعات و ثقافت اپنے مینڈیٹ کے مطابق پرفارمنگ آرٹس کی نمائش میں نواردوں کو بھی بھر پور نمائندگی دے گا۔ ٹھیٹر میں کمرشل تھیٹرکے علاہ طالبعلموں کو بھی اپنی صلاحتیں منوانے کا موقع دیا جائے گا۔پلاک مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے مابین ڈرامہ سازی کے مقابلے منعقد کروائے گا۔ الحمرا آرٹس کونسل میں کمرشل تھیٹرز کے مابین مقابلے منعقد کروائے جائیں گے۔مختلف سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے تاریخی مقامات اور محکمہ اطلاعات و ثقافت کی لوکیشنز استعمال کی جائیں گی۔ ثقافتی میلہ جہاں عام عوام کے لیے تفریح کا سبب بنے گا وہاں نئے آرٹسٹوں اور طالب علموں کو اظہار کے لیے پلیٹ فارم بھی مہیا کرے گا۔

اجلاس میں ثقافتی میلے کے لیے مجوزہ سرگرمیوں کی حتمی منظوری کے بعد مختلف شعبہ جات کو ان کی زمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں۔ اجلاس کے دیگر شرکا میں سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر علی نواز ملک، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل، ڈائریکٹر جنرل پلاک سمیت متعلقہ افسران شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں