پنجاب

پنجاب بھی سندھ حکومت کی طرح کاروبار کی تعطیل کے فیصلے پر نظر ثانی کرے’ اشرف بھٹی

لاہور( عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پنجاب بھی سندھ حکومت کی طرح کاروبار کی تعطیل کے فیصلے پر نظر ثانی کرکے تاجروں کو بھاری نقصان سے بچائے ، تاجر عید الفطر کیلئے پیشگی خریداری کر چکے ہیں اگر کاروبار کے اوقات کار نہ بڑھائے گئے اور دو روزہ بندش کو ختم نہ کیا گیا تو بہت سے تاجر دیوالیہ ہو جائیں گے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر میں شدت کی رپورٹس تشویشناک ہیں اور عوام کو چاہیے کہ وہ ہر ممکن ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے جہاں کاروبار کیلئے کچھ گھنٹے مختص کئے ہیں وہیں دوسرے اور تیسرے عشرے کیلئے اس میں کچھ گھنٹوں کا مزید اضافہ کیا جائے اورایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تمام تاجر اس میں انتظامیہ کا ساتھ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اوقات کار میں جتنا اضافہ کرے گی اتنا بازاروں اور مارکیٹوں میں رش کم ہوگا ، ہفتہ اور اتوار کو کاروبار کی بندش کی وجہ سے بھی رش بڑھتا اس لئے حکومت کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے دو روزہ بندش کے فیصلے کو واپس لینا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر طبقہ موجودہ حالات میں شدید مشکلا ت سے دوچار ہے اور اگر حالات کا دورانیہ طویل ہوا تو حالات کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں