لاہور(عکس آن لائن) صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی میں دوسری تین روزہ کے ای ایم یوبین الاقوامی ایمرجنسی میڈیسن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب میں پانچ اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈچائلڈہسپتال بنائے جارہے ہیں۔
دوردرازعلاقوں میں طبی سہولیات فراہم کرناموجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وزیراعظم اوروزیراعلی پنجاب کوصحت کے شعبہ میں سہولت دینے کاساراکریڈٹ دیتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس طرزکی کانفرنسزطالبات کیلئے بہت ہی مفیدثابت ہوسکتی ہیں۔ ہمارے ہاں موٹرسائیکل سواروں کی کثیرتعدادموجودہے۔ حادثات کی صورت میں زیادہ ترہیڈانجری کے کیسزسامنے آتے ہیں۔ ہم نے ٹریفک حکام کوحادثات کاشکار مریضوں کوبہترین طبی سہولیات کی پیشکش کی ہے۔ کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی نے انتہائی اہم موضوعات پرکانفرنسزکے انعقادکی روایت کوہمیشہ برقراررکھاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پنجاب بھر میں ساٹھ لاکھ سے زائدخاندانوں کوصحت انصاف کارڈتقسیم کردئیے ہیں۔ ہمارے آنے سے پہلے محکمہ صحت میں پچاس فیصداسامیاں خالی تھیں۔خالی ہسپتالوں میں کون مریض علاج کیلئے آئے گا۔ہماری حکومت نے سب سے پہلے خالی اسامیوں پربھرتی کرکے روزگارفراہم کیا۔سنگ مرمر کی عمارتیں کھڑی کرکے عوام پربوجھ ڈالنے والے چلے گئے۔ سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ پروفیشنلزکودوستانہ ماحول فراہم کیاجارہاہے۔ وائس چانسلرکنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسرخالدمسعودگوندل نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریض کے ہسپتال میں علاج کی غرض سے آنے کے پہلے گھنٹے کوگولڈن آورسمجھتے ہوئے ڈاکٹرزکوسوفیصدبہترعلاج کرناہوتاہے۔
وزیرصحت کی ہدایت پرکنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی میں طالبات کیلئے منفرد نوعیت کے تربیتی سیشنزکاآغازکیاجاچکاہے۔ انہوں نے کہا کہ گرلزہاسٹل کی تعمیرکیلئے فنڈزکی منظوری میں بنیادی کرداراداکرنے پروزیرصحت کاشکریہ اداکرتے ہیں۔ اس موقع پر سی ای اومئیوہسپتال پروفسراسداسلم خان نے کہا کہ مئیوہسپتال ملک کاسب سے بڑاہسپتال ہونے کے ناطے آنے والے مریضوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کررہاہے۔ مئیوہسپتال کی ایمرجنسی میں روزانہ نوہزارسے زائدمریضوں کوعلاج کی مفت سہولت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مئیوہسپتال میں مریضوں کے علاج کیلئے ہرقسم کی ادویات دستیاب ہیں۔
اس موقع پروائس چانسلر پروفیسرخالدمسعودگوندل، چیف ایگزیکٹومئیوہسپتال پروفیسراسداسلم خان، وائس چانسلرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرعامرزمان خان، پرنسپل سروسزانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ائنسزپروفیسرمحمودایاز، پروفیسریارمحمد، پروفیسرفرید، پروفیسراعجازاحسن، پروفیسرسہیل چغتائی، پروفیسراخترنقی، پروفیسرقاضی سعید، پروفیسرفیاض ہاشمی، پروفیسراشرف نظامی، ملکی وغیرملکی طبی ماہرین، فیکلٹی ممبران وطالبات کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔