لاہور(عکس آن لائن)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں قائد اعظم کے یوم ولادت اور کرسمس کی مناسبت سے پروقار تقریب میں کیک کاٹے گئے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی۔تقریب میں انتظامیہ کے علاوہ ملازمین نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور ہندوستان میں مسلمانوں پر ہونے والے امتیازی سلوک دنیا بھر پر عیاں ہے اور بھارت کے موجودہ حالات محمد علی جناح کے دو قومی نظریے کے فرمودات کو درست ثابت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی قوم کے لئے قائد اعظم کی عقیدت او ر محبت میں اضافہ ہو چکا ہے جن کی فہم و فراست کے باعث ہمیں الگ وطن نصیب ہوا، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ آج مسیحی بھائیوں کے لئے بھی خوشیوں اور مسرت بھرا دن ہے اور ہم سب کرسمس کی خوشیوں میں اُن کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔تقریب میں ایم ایس ڈاکٹر علی رزاق،اے ایم ایس ڈاکٹر شاہد محمود، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رفعت زاہد سمیت ڈاکٹر ز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ آج کے دن ہم سب کو وطن عزیز کے دفاع اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے میں مسیحی بھائیوں کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف میں مسیحی بھائی دن رات مصروف خدمت ہیں اور ہم ان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رفعت زاہد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ بانی پاکستان کے بتائے ہوئے اصولوں پر چل کر ہمیں محنت اور لگن سے کام کرنا چاہیے۔انہوں نے مسیحی نرسوں کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے اُن کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیااور کہا کہ پاکستا ن اکثریت اور اقلیتوں کا مشترکہ اثاثہ ہے ہماری خوشیاں اور غم سانجھے ہیں۔ اس موقع پر کرسمس اور قائد اعظم کی یوم پیدائش کے حوالے سے کیک کاٹے گئے اور ایک دوسر ے کو مبارکباد دی گئی۔ تقریب کے اختتام پر کشمیریوں کی آزادی، ملکی ترقی، خوشحالی اور مریضوں کی جلد صحتیابی کی دعائیں کی گئیں۔
3 Attachments