لاہور (عکس آن لائن) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی کی بحالی کیلئے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ پیر کو لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب اسمبلی کی بحالی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے شہری شرافت علی کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کون ہے اس کا کیا تعلق ہے؟، وکیل درخواستگزار نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار فیصل آباد میں سیاسی ورکر ہے، عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ کس طرح کی درخواستیں دائر کرتے ہیں؟۔ عدالت عالیہ نے پنجاب اسمبلی کی بحالی کیلئے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواستگزار شرافت علی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا، جسٹس شاہد کریم نے کہا جرمانے کی معافی کی درخواست کی تو جرمانہ بڑھا کردو لاکھ روپے کردوں گا۔
واضح رہے شہری شرافت علی کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی بحالی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست گزار کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی سمری کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ درخواستگزار کی جانب سے مقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے غیر قانونی طور پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری ارسال کی، پنجاب کے عوام اپنے مینڈیٹ کی نمائندگی سے محروم ہیں، پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کا اقدام غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔