لاہور (نمائندہ عکس) پارلیمانی لیڈر و جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو اس طرح چلایا جارہا ہے جیسا محلہ کو چلایا جاتا ہے۔
اتوار کو اپنے جاری کردہ بیان میں جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی نے کہا کہ رات اچانک اطلاع ملی کہ 30 مئی کو ہونے والا اجلاس آج بلا لیا گیا ہے، پنجاب اسمبلی کو اس طرح چلایا جارہا ہے جیسا محلہ کو چلایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الہی کے دور میں اسمبلی کی بے توقیری کی مثال نہ حال اور نہ ماضی میں ملتی ہے، پنجاب اسمبلی کے اطراف کو پولیس نے سیل کر رکھا ہے۔
حسن مرتضی نے کہا کہ راستہ بند ہونے سے گنگا رام سے پیدل پہنچا ہوں، میں ٹیکس ادا کرتا ہوں جو پولیس پولیس گردی کر رہی ہے وہ بھی ہمارے ٹیکس سے تنخواہیں لیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک عام لوگوں کے لیے نہیں بنا بلکہ پروٹوکول اور اشرافیہ کے لیے ہے، اجلاس بغیر ایجنڈے کے آج بلایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز ہو کوئی اور ہو ایسا نہیں ہونا چاہیے، ہماری تو عمر اپوزیشن میں گزر گئی ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔ حسن مرتضی نے مزید کہا کہ عوامی نمائندگان کا کیا قصور ہے، پولیس ریاست کی ملازم ہونی چاہیے کسی حکومت کی نہیں۔