لاہور (عکس آن لائن )نامور اداکارمعمر رانا نے کہا ہے کہ اگر ہمیں پنجابی فلموں کو دوبارہ عروج دینا ہے تو اس کیلئے مستقل مزاجی دکھانا ہو گی،فلموں کی کامیابی کیلئے موجودہ حالات میںسکرپٹس کے موضوعات میں تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے لیکن اس جانب توجہ نہیں دی جارہی ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ اس دور میں جب لوگ گھروں سے نہیں نکلنا چاہتے ہمیں انہیں سینمائوں تک لانے کے لئے بڑی محنت کرنا ہو گی ۔
سب سے پہلے ہمیں فلموں کے سکرپٹس کے موضوعات میں تبدیلی لانا ہو گی، سنجیدگی ، کامیڈی اور رومانس کو انتہائی خوبصورتی سے پیش کرنا ہوگا تاکہ ہر طرح کے لوگ فلم دیکھنے سینما آئیں۔ اس سے نہ صرف پنجابی فلموں کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ اس سے پنجابی سینما کو دوبارہ عروج حاصل ہو سکے گا۔