کپاس

پنجاب، رواں سال کپاس مقررہ ہدف سے 3 لاکھ ایکڑ کم کاشت ہوئی

لاہور(عکس آن لائن )پنجاب میں رواں سا ل کپاس مقررہ ہدف سے 3 لاکھ 40 ہزار ایکڑ رقبہ کم کاشت کیا گیا ہے جبکہ رہی سہی کسر مختلف بیماریوں کے حملوں نے پوری کر دی ہے جس کی وجہ سے کاشتکاروں کیلئے 60 لاکھ بیلز کا پیدواری ہدف پورا کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔حکومت نے رواں سال پنجاب میں کپاس کی کاشت کا ہدف 40 لاکھ ایکڑ رقبہ مقرر کیا لیکن موسمی تبدیلی اور پانی کی کمی کے باعث 36 لاکھ 60 ہزار ایکڑ رقبے پر ہی کپاس کا شت ہو سکی لیکن موجودہ صورتحال میں بارشوں کا سلسلہ کافی حد تک بڑھ گیا ہے اور پانی کی زیادتی کے باعث ہی کپاس کی فصل پر پتہ مروڑ وائرس،گلابی سنڈی، وائٹ فلائی کیساتھ تھرپس کے حملے میں بھی شدت آگئی ہے جس سے کپاس کی گروتھ رکنے اور پودے کے مرجھانے جیسے مسائل نے کاشتکاروں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔

ڈیرہ غازیخان میں رود کوہیوں اور بہاولنگر میں بارشوں سے کپاس کی فصل بڑے پیمانے پر متاثر ہوئی ہے جبکہ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے سے کاشتکاروں کیلئے فصل پر سپرے کرنا اور کھاد لگانا بھی مزید مشکل ہو گیا ہے جس کی وجہ سے محکمہ زراعت کے حکام بھی پریشان ہیں۔وفاقی حکومت نے کپاس کی فی من قیمت چھے ہزار روپے مقرر کی ہے لیکن کاشتکار تنظیمیں کپاس کی امدادی قیمت کے حوالے سے تاحال مطمئن نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں