ہاشم آملا

پشاور زلمی کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے، ہاشم آملا

کراچی(عکس آن لائن)پشاور زلمی کی ٹیم کے بیٹنگ مینٹور اور سابق مایہ ناز کرکٹر ہاشم آملا نے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے زلمی کا حصہ بننے کو اعزاز قرار دیتے ہوئے ٹیم کی بہترین کارکردگی کا عزم ظاہر کیا ہے۔پشاور زلمی کی جانب سے بیٹنگ مینٹور ہاشم آملا سے گفتگو کی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی ہے جس میں انہوں نے پاکستان میں آ کر کھیلنے کے تجربے سمیت مختلف امور پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آ کر بہت اچھا لگ رہا ہے اور پشاور زلمی کی ٹیم کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے، مجھ سے چند ہفتے قبل دستیابی کے بارے میں پوچھا گیا تھا اور میں یہاں آ کر بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔آملا نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے چند سال انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا تجربہ ہے اور اس تجربے کو نوجوانوں تک منتقل کرنا ہی سب سے اہم چیز ہے، میں بیٹنگ سمیت دنیا بھر میں کرکٹ کے بارے میں بات کر کے بہت لطف اندوز ہوتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ نوجوانوں کے ساتھ اچھا وقت گزرے گا۔انہوں نے کہا کہ 2سال قبل ورلڈ الیون کی ٹیم کے ہمراہ پاکستان آیا تھا اور ہم پاکستان کے ساتھ ٹی20سیریز کھیلی تھی، دو سال بعد واپس آیا ہوں تو یہاں چیزیں مزید بہتر ہو رہی ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ میں 18ہزار سے زائد رنز بنانے والے بلے باز نے پاکستان کو کھیلوں کے لیے محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے دیگر ملکوں کے کھلاڑیوں کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں کوئی مسئلہ نہیں اور یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ کرکٹ کے کھیل میں پیشرفت ہو رہی ہے، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو یہاں کھیلتے ہوئے دیکھنا بہت خوش آئند ہے۔ویڈیو میں سابق جنوبی افریقی کپتان سے ان کے کیریئر کے حوالے سے چند دلچسپ سوالات بھی پوچھے گئے جس میں انہوں نے کور ڈرائیو کو اپنا پسندیدہ شاٹ قرار دیا۔آملا نے ایک سوال کے جواب میں اوول میں کی گئی ٹرپل سنچری اور پرتھ میں کی گئی سنچری دونوں کو پسندیدہ اننگز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پسندیدہ بلے باز برائن لارا اور اسٹیو وا ہیں۔سابق مایہ ناز بلے باز نے مرلی دھرن کو بہترین اسپنر قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں شان ٹیت سے تیز بالر کا سامنا نہیں کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں