اسلام آباد (عکس آن لائن)پاک چین دوستی کے 70 سال مکمل ہونے پر پاکستانی اور چینی صدور کے مابین مبارکبادی خطوط کا تبادلہ ہوا ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں صدور نے سفارتی تعلقات قائم ہونے کے 70 سال مکمل ہونے پر عوام اور حکومتوں کو مبارکباد دی ۔ صدر مملکت عارف علوی نے کہاکہ ہم اچھے اور برے دونوں وقتوں میں دوست رہے، مشکلات کے باوجود اپنے مقاصد کے حصول میں دونوں ممالک نے بے انتہا قربانیاں دیں۔ انہوںنے کہاکہ پاک چین لازوال دوستی خطے میں امن و استحکام کی ضامن ہے، صدر شی جنپنگ کی قیادت میں پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ چین کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کی فراہمی سے پاکستان میں قیمتی جانوں کو بچایا گیا۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان پاکـ چین اقتصادی راہداری کو بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا مثالی منصوبہ بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ چینی صدر نے کہاکہ پاکستان اور چین بْنیادی مسائل اور مفادات پر ساتھ ساتھ ہیں، دونوں ممالک کے مابین 70 سالہ دوستی اور اعتماد چٹان کی طرف مضبوط ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاک چین دوستی دونوں اقوام کا سب سے اہم اسٹریٹجک اثاثہ ہے، دونوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں سے پاک چین اقتصادی راہداری سے شاندار نتائج ملے۔ انہوںنے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوا اور خطے میں خوشحالی آئی، میں پاکستانـ چین دوستی کو خصوصی اہمیت دیتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹجک روابط اور عملی تعاون کے فروغ کیلئے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہوں۔