اسلام آ باد (عکس آن لائن) پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ گوادر یونیورسٹی نے تعلیمی سال 2024-25 کے لئے مختلف ڈپلومہ اور ایڈوانسڈ ڈپلومہ پروگرامز میں داخلوں کا آغاز کر دیا ۔ گوادر پرو کے مطابق تمام تربیتی پروگرام اور کورس کا نصاب شینڈونگ انسٹی ٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی (ایس آئی سی ٹی)، چین اور متعلقہ تسلیم شدہ اداروں کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق ان کورسز میں میری ٹائم اینڈ پورٹ مینجمنٹ، سافٹ ویئر ٹیکنالوجی، ای کامرس اور ٹورازم مینجمنٹ، الیکٹرانکس میں ڈپلومہ، چینی زبان اور ثقافت میں ایڈوانسڈ ڈپلومہ اور انگریزی زبان میں ایڈوانسڈ ڈپلومہ شامل ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق پیش کردہ کورسز کا دورانیہ زیادہ تر 3 سال اور 1 سال ہے . ایس آئی سی ٹی چین کے اعلی تعلیم یافتہ فیکلٹی ممبران فیزیکلی پر یا ویڈیو لنک کے ذریعے تعلیم دیں گے۔ طلبا کو جدید ترین سہولیات جیسے ورکشاپس، ہائی ٹیک کمپیوٹر لیبز، اسمارٹ کلاس رومز، لائبریری، سیمینار اور کانفرنس ہالز اور ملک بھر میں کہیں بھی مختلف اداروں کے ایکسپوزر ٹرپ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ گوادر پرو کے مطابق گوادر پورٹ اتھارٹی، گوادر یونیورسٹی اور حکومت بلوچستان بھی میرٹ کی بنیاد پر اور ضرورت کی بنیاد پر اسکالرشپس فراہم کرتی ہیں۔ پاک چائنا ٹیکنیکل ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ گوادر بلوچستان کے صف اول کے اداروں میں سے ایک بن کر ابھرا ہے جو مقامی نوجوانوں کو جدید ترین پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ صوبہ بلوچستان بالخصوص گوادر کے نوجوانوں کو فنی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرنے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔گوادر پرو کے مطابق یہ انسٹی ٹیوٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت چینی گرانٹ سے تعمیر کیا گیا تھا اور اس کے آپریشنل معاہدے پر ایس آئی سی ٹی، گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے)، یونیورسٹی آف گوادر (یو او جی) اور چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی (سی او پی ایچ سی) کے درمیان چھ ماہ کے شارٹ کورسز اور تین سالہ ڈپلومہ پروگرام مفت فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔