لاہور(عکس آن لائن) پاکستان کے سابق مایہ ناز فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاک بھارت مقابلے مقبولیت میں ایشز کو بہت پیچھے چھوڑ گئے ہیں۔
ایک انٹرویو میں سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ ہاکی اور سکواش نظر نہیں آتے، پاکستان اور بھارت میں کرکٹ ہی سب سے بڑا کھیل ہے، لوگ ایشز کی بات کرتے ہیں مگر انگلینڈ میں 6 اور آسٹریلیا میں اڑھائی کروڑ افراد رہتے ہیں، پاکستان اور بھارت کی مجموعی آبادی ایک ارب 60 کروڑ ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ مقبولیت میں تو روایتی حریفوں کے مقابلے بہت آگے نکل چکے ہیں مگر شائقین کی اتنی بڑی تعداد کی وجہ سے بے پناہ اضافی دباؤ بھی ہوتا ہے، اگر جیت جائیں تو قومی ہیرو، ہار جائیں تو میڈیا نشانے پر رکھ لیتا ہے، بے رحم تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے دور میں سوشل میڈیا نہیں تھا، اخبار نہ پڑھیں تو دباؤ کا بھی احساس نہیں ہوتا تھا، پاکستان میں 65 اور بھارت میں ہزاروں نیوز چینل ہیں، کہیں نہ کہیں پروگرام میں دعوے چل رہے ہوتے ہیں کہ ہم جیتیں گے، اسی وجہ سے کھلاڑیوں پر اضافی پریشر ہوتا ہے۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ یہ کوئی میدان جنگ نہیں، کرکٹ میچ ہے، ایک جیتا تو دوسرا ہارے گا، بہرحال اس مقابلے کی رنگینی، جوش و خروش کرکٹ کی خوبصورتی ہے، دونوں ملکوں کے شائقین بھی میچز میں ایک ساتھ بیٹھتے ہیں، عوام کے رابطے اہم ہیں۔