واشنگٹن(عکس آن لائن)امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاک امریکا دو طرفہ تعلقات مختلف شعبوں میں مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
یونیورسٹی کلب سے خطاب کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ پاکستان پر اعتماد کریں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، خصوصی سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔مسعود خان نے کہا کہ ہمیں عوام کے درمیان روابط اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینا چاہیے،
ہمیں شراکت داری کے عمل میں باہمی بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کی صلاحیت موجود ہے، تمام دیرینہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔مسعود خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔