اسلام آ باد (نمائندہ عکس) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے،پاکستان کے عوام نے ملک میں پناہ گزینوں کے لیے مثالی سخاوت، مہمان نوازی اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا ،بین الاقوامی برادری کو افغان مہاجرین کی دیرینہ صورتحال کو فراموش نہیں کرنا چاہیے، پاکستان یو این ایچ سی آر کے ساتھ اپنی قابل قدر شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا منتظر ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان پناہ گزینوں کے عالمی دن کی یاد میں عالمی برادری کے ساتھ شامل ہے، اس دن کو مناتے ہوئے ہم دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دن منانے کا مقصد ہے کہ ہم جبری نقل مکانی کے محرکات پر غور کریں اور پناہ گزینوں کے حالات کے لیے پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان نے چار دہائیوں سے دنیا کے سب سے بڑے اور طویل ترین مہاجرین کے حالات میں سے ایک کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر ڈالی ہے، پاکستان 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے ملک میں پناہ گزینوں کے لیے مثالی سخاوت، مہمان نوازی اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے، جیسے جیسے دنیا بھر میں نئے حالات ابھر رہے ہیں، بین الاقوامی برادری کو افغان مہاجرین کی دیرینہ صورتحال کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے استحکام اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ضروری اقدامات اٹھانا بھی اتنا ہی اہم ہے، اس دن پاکستان اقوام متحدہ کے ہائی کمشنرز برائے پناہ گزین کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان یو این ایچ سی آر کے ساتھ اپنی قابل قدر شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا منتظر ہے، ہم بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے لیے پائیدار حل کے لیے اس کی کوششوں میں تنظیم کا ساتھ دیں۔