سپیکر قومی اسمبلی

پاکستان کے اصل ہیروز سپیشل افراد اوران کےلئے اللہ کی رضا میں کام کرنے والے لوگ ہیں، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (عکس آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان کے اصل ہیروز سپیشل افراد اوران کےلئے اللہ کی رضا میں کام کرنے والے لوگ ہیں، سپیشل افراد کےلئے قومی اسمبلی اور سینٹ کی مشترکہ کمیٹی بنائی جا رہی ہے جو ان کے حوالے سے تمام قوانین کا جائزہ لے کر اس میں ترمیم اور تصحیح کرے گی، قومی اسمبلی میں سپیشل افراد کےلئے علیحدہ سے کوریڈور بھی قائم کیا جائے گا۔

منگل کوقومی اسمبلی میں خصوصی افراد کے عالمی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معذورافراد کو موجودہ حکومت مایوس نہیں کرے گی جبکہ ان کے حوالے سے جو قانون سازی ہے وہ بھی جلد مکمل ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی مشترکہ ایک سپیشل کمیٹی بنے جس میں سپیشل افراد کے حوالے سے مسائل پر بحث کی جائے، کمیٹی تمام پرانے قانون کو دیکھے اور اس پر کام کرے گی جس قانون میں بھی ترمیم یا نئے قوانین کی ضرورت ہے ۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ معذوروں، یتیموں ، بیواﺅں اور معاشرے کے اس طبقے کے کام کرنے والے ولی اور اللہ کے قریب ترین لوگ ہوتے ہیں، پاکستان میں بہت سے لوگ یہ کارخیر سرانجام دے رہے ہیں، سپیشل افراد کےلئے کام کرنے والے ہی ہمارے ہیروز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ان لوگوں کی بھی مدد کرنی چاہیے جو اس ملک کی معاشی و معاشرتی تعمیر ترقی کے کام کرتے ہیں، سیاستدانوں کو اپنے ووٹ پر ناز ہوتا ہے لیکن دیکھ سکتے ہیں کہ کل جو وزیراعظم تھا آج وہ کہاں اور آج ہم ہیں تو کل کہاں ہوں گے، ہمیں یاد رکھنا چاہیے ہوتا وہی ہے جو منظور خدا ہوتا ہے تو ہمیں اپنی ذات سے نکل کر لوگوں کی فلاح و بہبود کا سوچنا چاہیے، سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بیٹھنے اور ان کے آنے کےلئے تمام تر سہولیات فراہمی کے کام جلد شروع کیا جائے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں