اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام آزمائش کی ان گھڑیوں میں زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،ترکی میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے نجی اداروں کی راہ میں انتظامی مشکلات دور کرنے کے لئے متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ وہ اپنی زیر صدارت ترکی میں پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کی ترسیل اور زلزلہ زدگان کی بحالی کے لئے اجلاس میں گفتگو کررہے تھے۔ اجلاس میں این ڈی ایم اے، این ایل سی،صوبائی حکومتوں اور وزارت منصوبہ بندی کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام آزمائش کی ان گھڑیوں میں ترک زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی تمام تر مالی مشکلات کے باوجود ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں میں بڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے این ڈی ایم اے کو ہدایت جاری کی کہ وہ امدادی سامان کی ترسیل کو تیز کرے تاکہ متاثرین تک بروقت سامان پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے نجی اداروں کی راہ میں انتظامی مشکلات دور کرنے کے لئے متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ وفاقی وزیر نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کو ہدایت جاری کی کہ وہ نوجوانوں کو اس حوالے سے متحرک کرنے کے لیے کیمپ لگائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں گذشتہ سال سیلاب کی تباہ کاریوں سے بہت سارے اضلاع متاثر ہوئے، ترکیہ نے اس وقت اور اس کے علاوہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان تمام تر مالی مشکلات کے باوجود ترکیہ اور شام کے متاثرین زلزلہ کی بحالی کی کوششوں میں حصہ لے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے بڑے کاروباری حضرات اور ادارے بالخصوص ملک کے تمام چیمبرز آف کامرس ترکی میں زلزلہ متاثرین کی امداد میں آگے بڑھ کر حصہ لیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ادویات بنانے والی کمپنیاں متاثرین کے لئے ضروری ادویات اور فرسٹ ایڈ کٹس کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ وفاقی وزیر نے ہدایت جاری کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اشیائ خورد و نوش اور ادویات عالمی معیار پر پورا اترتی ہوں۔