اسلام آباد(نمائندہ عکس) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کا راز جمہوریت میں پوشیدہ ہے، جمہوری روایات سے رواداری، ہم آہنگی اوربرداشت کو فروغ ملے گا۔ چوہدری فواد حسین نے یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر پیغام میں کہاکہ 23 مارچ کا دن ہماری تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، قرارداد لاہور نے برصغیر کے مسلمانوں کو عظیم مقصد کے لئے متحد کیا، قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور تحریک آزادی کے قائدین کی قربانیوں سے حصول پاکستان کی راہ ہموار ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی معیشت ترقی کی راہ پرگامزن ہے جب کہ ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ ہم بزرگوں کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کوعظیم ترملک بنائیں گے، رواں برس 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کا انعقاد مسلم دنیا میں پاکستان کے کلیدی کردار کا واضح مظہر ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن کرے۔