واشنگٹن (عکس آن لائن)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جاری مذاکرات کے نتیجے میں نئے قرض پروگرام کا تعین کرنا قبل از وقت ہے۔ پریس بریفنگ کے دوران آئی ایف ایم ڈائریکٹر کمیونی کیشن جولی کوزیک نے اس بات کی تصدیق کی کہ عالمی مالیاتی فنڈ کا وفد اس وقت اسلام آباد میں موجود ہے، جہاں وہ پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات کررہا ہے۔بریفنگ کے دوران جولی کوزیک سے سوال کیا گیا کہ آیا ان مذاکرات کے نتیجے میں پاکستان کے ساتھ نئے قرض کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ کرلیا جائے گا یا پھر یہ صرف ایک ابتدائی دورہ ہے؟جولی کوزیک نے کہا کہ آپ کے سوال کے جواب میں یہ کہنا چاہوں گی کہ ہمارا وفد اس وقت پاکستان میں ایک مشن پر ہے اور ہم انتظار کریں گے کہ وہ اپنا کام ختم کرلیں اور پھر وقت آنے پر ہم اس مشن کے نتائج سے سب کو آگاہ کریں گے۔
ڈائریکٹر آئی ایم ایف کمیونی کیشن نے صحافیوں کو اسلام آباد میں موجود اپنے وفد کے حوالے سے نئی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔جولی کوزیک نے کہا کہ ہمارے بورڈ کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے دوسرے اور آخری جائزے کی تکمیل کے دوران حکام کی بہترین پالیسی کی کوششوں کی وجہ سے معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملی۔