صدر مملکت

پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے تمام تر توجہ تعلیم کی فراہمی اور غربت کے خاتمے پر مرکوز کرنا ہوگی، صدر مملکت

اسلام آباد (عکس آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو ان کے یوم وفات پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کیلئے تمام تر توجہ تعلیم کی فراہمی اور غربت کے خاتمے پر مرکوز کرنا ہوگی۔

صدر مملکت نے پیر کو بابائے قوم قائد اعظم کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن پاکستان کو قائدِ اعظم کے وژن کے مطابق ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم نے امن، مساوات ، قانون کی بالادستی ، معاشی اور سماجی انصاف اور اقلیتوں کے حقوق کی وکالت کی، آج کے دن پوری پاکستانی قوم برصغیر پاک وہند کے عظیم رہنما قائدِ اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ مسلمانان برصغیر نے قائدِ اعظم کی دوراندیش اور مدبرانہ قیادت میں قلیل عرصے میں پاکستان حاصل کیا، قائد اعظم نے بھرپور انداز میں مسلمانان ہند کا مقدمہ لڑا اور ایک علیحدہ ریاست کا قیام عمل میں لایا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے قائدِ اعظم کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے وژن کے مطابق ملک کے کمزور طبقات سمیت خواتین اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے برسی کے موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح کے بلندی درجات کی بھی دعا کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں