کراچی (عکس آن لائن) معروف اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت سب سے بڑے کورونا وائرس کے چیلنج کا سامنا ہے۔
مہوش حیات نے سوشل میڈیا پر وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں اس عالمی وبا سے ہزاروں اموات کا خدشہ ہے۔ پاکستان میں چھٹیاں نہیں، شہری گھروں پر رہیں اور ہدایات پر عمل کریں۔ ہماری ذرا سی لاپرواہی لاتعداد زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ مہوش حیات نے مزید کہا کہ کراچی کی آبادی 2 کروڑ ہے اور یہاں آئی سی یو میں صرف 600 بیڈز ہیں جب کہ پاکستان کی آبادی 22 کروڑ اور ملک بھر میں وینٹی لیٹرز کی تعداد 1700 ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف فرنٹ لائن پر کھڑے ہیں اور دن رات زندگیاں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن افسوس ڈاکٹرز کے پاس خود کے لئے حفاظتی سامان نہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ یقینی بنایا جائے کہ ڈاکٹرز کے پاس صحیح حفاظتی کٹس اور سامان ہو جبکہ عوام سے ہدایات پر عمل کرنے اور گھروں پر رہنے کی درخواست بھی کی۔