دورہ نیدرلینڈ

پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ نیدرلینڈ ملتوی

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کے این سی بی کے مشورے کے بعد جولائی میں شیڈول دورہ نیدرلینڈکو غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا ہے۔ پی سی بی نے یہ اعلان ڈچ حکومت کی جانب سے کوروناوائرس کی وباء کے پیش نظر یکم ستمبر0 202تک تمام اسپورٹس اور کلچرل ایونٹس پر پابندی عائد کرنے کے بعد کیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز میں شامل تین میچز نیدرلینڈ کے شہرایمسٹلوین میں 4،7 اور 9 جولائی کو کھیلے جانے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولائی میں شیڈول دورہ نیدرلینڈملتوی کررہے ہیں مگر موجودہ حالات میں یہ بالکل درست فیصلہ ہے کیونکہ انسانی زندگیاں کسی بھی کرکٹ میچ سے بہت زیادہ قیمتی ہیں‘ چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہاکہ نیدر لینڈ کورونا وائرس کے باعث شدید متاثرہوا ہے اور ہم اس دوران جانیں گنوانے والے افراد کے لیے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس موقع پر دیگر تمام ممالک کی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ بھی کے این سی بی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ اس مشکل صورتحال پر جلدقابو پالے گا۔وسیم خان نے کہاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہمیشہ دورہ نیدرلینڈکا بھرپور لطف اٹھایا اور جیسے ہی حا لات معمول پر آئیں گے ویسے ہی پی سی بی اپنی ذمہ داری کا مکمل احساس کرتے ہوئے کے این سی بی کی مشاورت سے دورہ نیدرلینڈکے نئے شیڈول کی تیاری کاآغاز کردے گا۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہاکہ اس موقع پر پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا2 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل دورہ آئرلینڈ اور 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل دورہ انگلینڈکا شیڈول برقرار ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ بالترتیب ڈبلن اور لندن میں اپنے ہم منصب نمائندگان سے رابطہ میں ہیں‘ وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی ہمیشہ کی طرح ان دوروں کے حوالے سے بھی میزبان بورڈز سے رہنمائی حاصل کرنے پر خوش ہوگا تاہم کوئی بھی فیصلہ کرتے ہوئے اپنے کھلاڑیوں اور منیجمنٹ اراکین کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں