لاہور(عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین بننے کیلئے سابق کپتان وسیم اکرم مضبوط امیدوار کے طورپر سامنے آگئے ۔قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے رکن ہیں تاہم اب وسیم اکرم کمیٹی کے چیئرمین بننے کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔پ
اکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار جلد وسیم اکرم سے اس حوالے سے بات کریں گے اور انہیں چیئرمین کے لیے قائل کرنے کی کوشش کریں گے جس کے بعد کمیٹی کے دیگر اراکین کے لیے بھی بورڈ کے عہدیدار سابق کرکٹرز سے رابطے کریں گے۔کمیٹی میں چیف ایگزیکٹو وسیم خان اب صرف رکن کی حیثیت سے شامل ہوں گے جبکہ کمیٹی میں بورڈ کے دیگر عہدیدار شامل نہیں ہوں گے۔اس وقت کمیٹی میں ڈائریکٹر کرکٹ ذاکر خان، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید اور ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر شامل ہیں۔
پی سی بی کمیٹی کا اعلان اگلے 15 روز میں کر دے گا اور بنگلا دیش کے خلاف سیریز سے قبل کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہو گا۔پی سی بی نے محسن حسن خان کی سربراہی میں گزشتہ برس کرکٹ کمیٹی قائم کی تھی جس میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور عروج ممتاز کو شامل کیا گیا تھا۔محسن حسن خان نے چیئرمین شپ چھوڑی تو وسیم خان کو زمہ داریاں سونپ دی گئی تھیں جبکہ مصباح الحق نے جب ہیڈ کوچ کے لیے درخواست دی تو وہ بھی کمیٹی سے الگ ہو گئے تھے۔