واشنگٹن (عکس آن لائن ) سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ خطے میں امن کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کی خاطر بھرپور کوشش کی ہے، پاکستان کی امن کی کوششوں کو بھارت نے سنجیدہ نہیں لیا، مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے،پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،موجودہ حکومت نے بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش اور بہتر پالیسی بنائی ہے۔
سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے واشنگٹن میں انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں“پاکستان امریکہ تعلقات کے اگلے مرحلے“کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان مسئلے کا پائیدار حل پاکستان امریکہ تعلقات کے مستقبل کے تعین میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے، ہمیں مل کر افغانستان مسئلے کے پائیدار حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان،افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، افغانوں کی قیادت میں افغانوں پر مشتمل امن عمل ہی افغان مسئلے کے بہترین حل کا ضامن ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، سفیر پاکستان نے کہا پاکستان کا محل وقوع اور معیشت کا حجم امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرتی ہے، پاکستان 220 ملین صارفین پر مشتمل دنیا کی 5 ویں بڑی مارکیٹ ہے، موجودہ حکومت نے بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش اور بہتر پالیسی بنائی ہے، پاکستان، روس، چین اور امریکہ پر مشتمل وسیع“ٹرائیکا پلس”پرامن تصفیہ کی ضرورت پر تمام افغان جماعتوں کو ایک متفقہ پیغام بھیجنے کے لئے ایک م¶ثر سانچہ ثابت ہوسکتا ہے۔ سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے خطے میں امن کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کی خاطر بھرپور کوشش کی ہے، پاکستان کی امن کی کوششوں کو بھارت نے سنجیدہ نہیں لیا، مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔