اسلام آباد (عکس آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور مایہ ناز بلے باز نے دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کا بیٹنگ کوچ مقرر ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا ہے، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یونس خان نے ماضی کی اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی جس میں وہ ٹیسٹ میچ کی کٹ میں سٹیڈیم میں موجود ہیں۔
یونس خان نے بیٹنگ کوچ مقرر ہونے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ایک بار پھر پاکستان کرکٹ کے لیے اپنی خدمات سرانجام دینے کا موقع ملا ہے اور اِس موقع پر میرے جو جذبات و احساسات ہیں اس سے بہتر میرے لیے کوئی احساس نہیں۔ یونس خان نے کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ڈریسنگ روم میں واپس آنے کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں باصلاحیت کھلاڑیوں سے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کروانے میں کسی قسم کی کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ تعینات کر دیا ہے۔