لاہور(عکس آن لائن)پاکستان نے جولائی میں 34,866,000 ڈالر مالیت کاگوشت اور اس سے بنی مصنوعات برآ مد کیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 25,409,000 ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 8,910 میٹرک ٹن مقدار کے ساتھ 37.22 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2022-2023 میں پاکستان نے 426,708,000 ڈالر مالیت کا گوشت اور اس سے بنی مصنوعات برآمد کیں جو کہ مالی سال 2021-2022 میں 341,006,000 ڈالر کے مقابلے میں 25.13 فیصد زیادہ ہے۔
گوشت کے بڑے برآمد کنندگان میں متحدہ عرب امارات، کویت، سعودی عرب، قطر اور بحرین شامل ہیں۔آل پاکستان میٹ ایکسپورٹرز اینڈ پروسیسرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے رکن بلال ٹاٹا نے برآمدات میں اضافے کی وجہ کرنسی کی قدر میں کمی اور موجودہ جی سی سی ممالک کی بڑھتی ہوئی مانگ اور بین الاقوامی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مسابقت کو قرار دیا۔ انہوںنے بتایا کہ عالمی معیشت کی بحالی کے بعد اردن اورازبکستان بھی نئی منڈیوں کے طور پر سامنے آئی ہیں۔
بلال ٹاٹا نے کہا کہ چین میں بہت زیادہ کھپت ہے اور وہ پاکستانی گوشت کی برآمد کی ایک نئی منزل بن رہا ہے۔ پاکستان میں جانوروں کی بیماریوں کے انتظام، پروسیسنگ کے حالات، اسٹوریج، سرٹیفیکیشن، پیکیجنگ، نقل و حمل، اور پاکستان میں سرکاری نگرانی میں لیبلنگ کے حوالے سے وسیع تقاضوں کی تعمیل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ چین اور پاکستان دونوں ممالک میں ویٹرنری ہیلتھ اور پبلک ہیلتھ کے ضوابط پر عمل کیا جا سکے۔