کوئٹہ(عکس آن لائن)پاکستان نے افغانستان کے ساتھ بین الاقوامی سرحد پر ایک دستاویزاتی نظام رائج کر دیا ہے ، افغانستان کے شہریوں کو بھی اب بارڈر پار کرنے کے لئے پاسپورٹ دکھانا ہو گا،نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ بارڈر پر پاسپورٹ پر کامیابی سے عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، چمن پاسپورٹ آفس میں تقریبا 1000ٹوکن جاری کیے گئے اور 200پاسپورٹ ڈیلیور کیے گئے ہیں۔
جان اچکزئی نے کہا کہ قلعہ عبداللہ پاسپورٹ آفس بھی مکمل طور پر فعال ہے، ریاست پاکستان نے تمام پریشر کے باوجود ایک دستاویزاتی نظام پر عملدرآمد یقینی بنایا، ایک دستاویزاتی نظام پر عملدرآمد کا کریڈٹ وزیراعظم پاکستان، آرمی چیف اور وزیر اعلی بلوچستان کو جاتا ہے جنہوں نے اس کو یقینی بنایا،انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کو ایک بار بارڈر پار کرنے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے وطن واپس پہنچ سکیں، آئندہ بارڈر کراسنگ پاسپورٹ کی موجودگی سے مشروط ہو گی،ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے شہریوں کو بھی اب بارڈر پار کرنے کے لئے پاسپورٹ دکھانا ہو گا، ایک دستاویزاتی نظام سے بارڈر پر آمدورفت قانونی طریقے سے ممکن ہو گی۔