فیصل آباد (عکس آن لائن)نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ہر حال میں واپس جانا ہوگااور اگر کسی نے انہیں ناجائز مدد یا تعاون فراہم کرنے کی کوشش کی تومذکورہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کاروائی ہوگی،ہم رضاکارانہ طور پر اپنے ملکوں کو واپس جانیوالوں کو سراہتے اور یقین دلاتے ہیں کہ انہیں اپنی کلچرل ویلیوز، احترام اور اخلاقیات کے تقاضوں کے پیش نظر ضروری معاونت فراہم کریں گے تاہم جو ضروری قانونی تقاضے ہیں انہیں بھی پورا کیا جائے گا۔
وہ منگل کی رات روڈ کنگ موٹر سائیکل فیکٹری جڑانوالہ روڈ فیصل آباد میں منعقدہ الیکٹرک سکوٹی لانچنگ تقریب کے موقع پر میڈیا نے سے بات چیت کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تک 2 لاکھ افغانی و غیر قانونی طور پر مقیم مہاجرین اپنے ملک واپس جاچکے ہیں جبکہ باقیوں کی واپسی کا بھی سلسلہ جاری ہے اور ان کی جیو فینسنگ ہورہی ہے لہٰذا ڈیڈ لائن گزرنے تک جو غیر قانونی مقیم افراد واپس نہیں جائیں گے ان کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا اور بعدازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے اتنے طویل عرصہ تک اتنے زیادہ افغان مہاجرین کو اپنے ملک میں پناہ فراہم کی لیکن یہاں یہ امر بھی افسوسناک ہے کہ پچھلے 8 ماہ میں پاکستان کے مختلف حصوں میں جو دہشت گردی کے 24 حملے ہوئے ان میں سے 14 میں افغان نیشنلز ملوث پائے گئے لہٰذا دہشت گردی کے مذکورہ واقعات میں افغانیوں کے ملوث پائے جانے کے عمل کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ امر بھی تشویشناک ہے کہ بہت سے غیر قانونی مقیم افراد کوماضی میں قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی جاری ہوئے حالانکہ ان کے پاس قانونی دستاویزات بھی نہیں تھیں لہٰذا اس اقدام کی حوصلہ شکنی اور اس غیر قانونی اقدام میں ملوث نیٹ ورک کا سراغ لگانے کیلئے ایک حاضر سروس اور مذکورہ سیکٹرکے انتہائی تجربہ کار ماہر حساس ادارہ کے حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل کو نادرا میں ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں تاکہ نادرا میں ڈیٹالیکیج روکنے سمیت ان غیر قانونی ایلینز کے خلاف کاروائی ممکن ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ نادرا نیشنل سکیورٹی کا ادارہ بن چکا ہے اسلئے اس کا ڈیٹا بھی ہر حال میں محفوظ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افرادیہ بات اچھی طرح سمجھ لیں کہ اب انہیں اپنے ملک واپس جانا ہوگاکیونکہ ان کے ملکی ٹھیک ہوگئے ہیں اور اگر کسی نے انہیں بچانے یا چھپانے کی کوشش کی تو غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلاامتیاز کاروائی ہوگی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ان غیر قانونی مقیم لوگوں نے پاکستانی شناختی کارڈز پر پراپرٹیز خریدیں اور بہت سے کاروبار کررکھے ہیں جنہیں لیگلائز ہونا ہوگانیز ہم بزنس فرینڈلی انوائرمنٹ اور ویزا پالیسی کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں اسلئے اگر کوئی غیر قانونی مقیم یہاں سرمایہ کاری یا کاروبار کرنا چاہتے ہیں تو پہلے وہ اپنے ممالک کو واپس جائیں پھر قانونی طریقہ اختیار کرکے پاکستان آئیں تو ہم ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک یا ادارہ کاڈیٹا لیک ہو تو یہ سیریس اشو ہے لہٰذا نادرا اپنا اکا¶نٹیبلٹی کا میکانزم بنارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی نگران حکومت محدود وقت کیلئے آئی ہے اسلئے جو لوگ مثبت کام کر رہے ہیں ان کی حمایت کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم باشندوں کی مہلت کا آج آخری روز تھالہٰذا صبح سے قانون حرکت میں آئے گااور انکو ملک سے نکالا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کام کاج کے مقامات پر بھی یہ لوگ قانونی طور پراور قانونی حیثیت سے واپس آئیں کیونکہ قانونی طور پر واپسی سے ملکی معیشت کو بھی سہارا ہوگا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم رضاکارانہ واپس جانیوالوں کو سہولت دیں گے لیکن قانون شکنی برداشت نہیں کیونکہ بہت سے ممالک میں پکڑے گئے پاکستانی حقیقت میں پاکستانی ہیں ہی نہیں اسلئے ان کے سہولت کار پاکستانیوں سے بھی گزارش ہے کہ غیر قانونی سہولت کاری سے باز رہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزرات داخلہ میں اس حوالے سے پورٹل بنایااور یو این نمبر بھی جاری کیا گیا ہے تاکہ کسی کو کوئی تکلیف نہ ہواورنہ ہی کسی کے ساتھ زیادتی و بد تمیزی ہوگی اور ہم آج بھی مہاجرین کو پہلے مرحلے میں کچھ نہیں کہہ رہے لیکن یہ طے ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کسی بھی ملک یا کسی بھی شہر سے ہوں مہاجرین کو واپس جانا ہوگا۔نئے موٹر سائیکل یونٹ کی سکوٹی موٹر سائیکل کی لانچنگ کے حوالے سے سرفراز بگٹی نے کہا کہ موٹربائیک غریب کی سواری ہے اور نئی ماحول دوست سکوٹی سے اس صنعت میں انقلاب برپا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کالجز کی بچیوں کو گلابی رنگ کی بائیک دینے کے حوالے سے مشاورت ہوئی ہے اور وہ واپس اسلام آباد پہنچ کراس ضمن میں مزیدبات کریں گے تاکہ بچیوں اور خواتین کیلئے کوئی سکیم لانچ کی جاسکے۔ولید ٹریڈنگ کمپنی کے زیر اہتمام روڈ کنگ موٹر سائیکل کی نئی پراڈکٹ الیکٹرک سکوٹی اور ہائی برڈ موٹرسائیکل(ڈیول سسٹم)کی افتتاحی تقریب میں کمپنی کے سی ای او ولید ڈوگر اور ڈائریکٹر ابو بکر سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ فیصل آباد ملک کاصنعتی ہب ہے جہاں بزنس مین کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت بھی ان کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بائیک ایک عام آدمی کی سواری ہے جس پر ایک روپے میں ایک کلومیٹر سفر کیا جاسکتا ہے اسلئے وہ وزیراعظم سے بات کریں گے کہ اس سلسلہ میں کوئی سہولیاتی سکیم لانچ کی جائے تاکہ بچیوں سمیت زیادہ سے زیادہ خواتین اور کم آمدن والے افراد اس سے مستفید ہوسکیں۔