لاہور ( عکس آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ جب سے پاکستان بنا ہے اتنے برے معاشی حالات کبھی نہیں تھے،تعلیمی اداروں میں منشیات کے سدباب کے لیے اسپیشل فورس بنا رہے ہیں ،طاقت کااستعمال آخری آپشن ہونا چاہیے، مذاکرات اور گفت و شنید سے معاملات حل کیے جانے چاہئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے زیرِ تربیت اے ایس پی بیج سے ملاقات کے دوران کیا ۔ وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ پولیس کا رویہ بہتر ہونے سے معاشرے میں عزت بڑھے گی، تھانوں میں انسانی وقار کا تقدس ملحوظِ خاطر رکھا جانا چاہیے۔گڈ گورننس اور ڈیلیور کرنے والے افسر کو کوئی نہیں نکال سکتا، عوام کی جتنی دعائیں لیں گے، اتنی ہی عزت ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کو جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے ڈرونز اور دیگر جدید آلات دیئے جائیں گے، بکتر بند گاڑیاں بھی تیار کرائیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ طاقت کااستعمال آخری آپشن ہونا چاہیے، مذاکرات اور گفت و شنید سے معاملات حل کیے جانے چاہئیں۔ انہوںنے کہا کہ ایف آئی آر ہر شہر ی کا حق ہے، جو ایف آئی آر نہیں کاٹے گا سزا کا مستحق ہو گا، سزا پراسیکیوشن کی مدد سے عدالت کے ذریعے ہونی چاہیے۔پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ سندھ میں پولیس کا برا حال ہے، کے پی کے کی پولیس کی اچھی شہرت ہے، تعلیمی اداروں میں منشیات کے سدباب کے لیے اسپیشل فورس بنا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ بی اے تک تعلیم مفت کر دی ہے، ریسکیو 1122ایمرجنسی سروس کو اپ گریڈ کر دیا ہے۔