اعجاز احمد چوہدری

پاکستان مشکل حالات سے نکل کر ترقی کی جانب گامزن ہے‘ اعجاز احمد چوہدری

لاہور(عکس آن لائن )پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ پاکستان مشکل حالات سے نکل کر ترقی کی جانب گامزن ہے، پی ٹی آئی کی حکومت عوام کی معیارزندگی کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے،ہیلتھ کارڈ، کامیاب نوجوان ، ہنرمند نوجوان ، احساس پروگرام، پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر، پناہ گاہیں ، لنگر خانے ، یوٹیلٹی سٹورزسبسڈی سمیت دیگر منصوبے عوام کو ریلیف دینے کے لئے شروع کئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پارٹی سیکرٹریٹ میں سابقہ ایم این اے راؤ مظہر حیات ، سابقہ ایم پی اے اشرف خاں سوہنا، ضلعی صدر شیخورہ کنور عمران سعید، سرفراز ڈوگر ، شاہ نواز سراء، شفقت کجر، عابد میر، شیخ احتشام اور کرنل (ر)عابد کھگہ سے ملاقات کے موقع پر کیا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا ہنر مند پروگرام کے تحت 5 لاکھ نوجوانوں ٹیکنیکل ایجوکیشن دینے کا احسن اقدام ہے تاکہ نوجوان اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں گے اور ہنرمند پروگرام بے روزگاری کے خاتمے میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، یوٹیلٹی سٹورز پر سستے داموں اشیائے خوردونوش دستیاب ہونگی ،190 ارب روپے احساس پروگرام کے تحت عوام کی معیار زندگی کو بہتربنانے خرچ کئے جائیں گے،60 لاکھ مستحق خاندانوں کوصحت کارڈ کا ملنا پی ٹی آئی کی حکومت کی عوام دوستی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اعجازاحمدچوہدری کا کہناتھاکہ زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروائی جارہی ہے تاکہ کسان اپنی زمین سے زیادہ پیداوار حاصل کرسکے پی ٹی آئی کی حکومت زیادہ سے زیادہ کسانوں سہولتیں فراہم کرے گی تاکہ کسان ملکی ترقی اور خوشحالی میں اپناکردار ادا کرسکیں پی ٹی آئی کی حکومت پسے ہوئے طبقات کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے کوششوں میں مصروف ہے 2020 ء پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کاسال ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں