لاہور(عکس آن لائن)پاکستان سے ملکی تاریخ میں پہلی بارپیازکی ایکسپورٹ210 ملین ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی جبکہ رواں برس کے اختتام تک مذکورہ ایکسپورٹ 250ملین ڈالر تک پہنچ جائے گی جو ایک ریکارڈ ہے۔پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بارپیاز کی برآمد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے جو تاریخ میں پھل اور سبزیوں سمیت کسی بھی مصنوعات کی برآمدات میں سب سے زیادہ ہے۔ترجمان کے مطابق جولائی2023 سے اپریل 2024تک ملک سے پیاز کی برآمدات 210 ملین ڈالر سے بھی زائد ریکارڈ کی گئیں جبکہ قبل ازیں ملکی تاریخ میں صرف کینو کی زیادہ برآمدات تھیں جو 210 ملین ڈالر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انشااللہ رواں برس کے اختتام تک پیاز کی ایکسپورٹ 250ملین ڈالر تک پہنچ جائے گی ۔بیان کے مطابق بھارتی پیاز کی ایکسپورٹ پر پابندی عائد ہونے سے پاکستان کو نئی منڈیاں ملی ہیں اوراب پاکستانی پیاز کو مشرق بعید، مشرق وسطی سمیت دنیا کی بڑی منڈیوں تک رسائی حاصل ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے سرفہرست سٹورز میں بھی آج پاکستانی پیاز فروخت کیلئے موجود ہے۔ حکومت کو پیاز کی لائف بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کرنے ہوں گے کیونکہ آنیوالے وقتوں میں پاکستانی پیاز کی نئی مارکیٹ ترقی پا سکتی ہیں۔