اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ 94 کمپنیوں کے منافع میں 82 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال2021 کی پہلی سہ ماہی میں جنوری تا مارچ کے دوران ان کمپنیوں کی آمدنی 243 ارب روپے کی ریکارڈ حد تک پہنچ گئی۔ ٹاپ لائن سیکورٹیز کی رپورٹ کے مطابق صنعت وخدمات کے شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں کی آمدنی میں 82 فیصد اضافہ سے 94 بڑی کمپنیوں کا رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں منافع 243 ارب روپے تک بڑھ گیا۔
گزشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال مارچ 2021 کے دوران کاروں، سیمنٹ ، فرنس آئل ، پٹرول وڈیزل ، ٹریکٹرز، موٹر سائیکلز ، ٹرکوں اور بسوں وغیرہ کی فروخت میں 22 فیصد تا 200 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بجلی کی پیداوار میں 30 فیصد ، بینک ڈیپازٹس میں 18 فیصد اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی بھجوائی گئی ترسیلات زر میں گزشتہ سال کے مقابلہ میں 43 فیصد اضافہ کے نتیجہ میں پی ایس ایکس میں لسٹڈ کمپنیوں کی شرح منافع میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔