جہانیاں(عکس آن لائن)پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلند فشار خون( ہائی بلڈ پریشر) سے آگاہی کا عالمی دن 17مئی کو منایا جائے گااس دن کے منانے کا مقصد بلڈ پریشر کی وجوہات،علامات،علاج و پرہیز اور اس کے تدارک کے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔
اس دن کے حوالے سے جہانیاں سمیت ملک بھر میں محکمہ صحت اور سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام بلڈ پریشر کے اسباب اور اس کے علاج و پرہیز کے متعلق معلومات فراہم کی جائے گی۔ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ ایک لاکھ افراد بلڈ پریشر کے مرض کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں پاکستان بھر میں دو کروڑ سے زائد افراد بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ مرض کی شرح پھیلائو میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
بلڈ پریشر کے مرض سے امراض دل،دماغی شریان پھٹنے اور گردوں کے امراض لاحق ہو سکتے ہیں جو کہ جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔جہانیاں کے معروف طبیب حکیم عبدالمجید سلیمانی کا کہنا ہے کہ بلڈ پریشر کے مرض سے محفوظ رہنے کیلئے سادہ طرز زندگی اپنایا جائے مرغن غذائوں سے پرہیز کیا جائے اور ورزش کو معمولات زندگی کا حصہ بنایا جائے۔