اسلام آباد ( عکس آن لائن ) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمودنے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتا ہوا معاشی تعاون دونوں ممالک کے لوگوں کے مابین تعلق و تعاون کا سبب بھی بن رہا ہے۔ وہ جمعرا ت کو ہلال احمرپاکستان ،چائنا فاؤنڈیشن فار پوورٹی الیوی ایشن کے تعاون و اشتراک سے اسلام ا آباد کے دہی علاقوں میں واقع سکولوں میں زیر تعلیم 20,000 بچوں میں سکول بیگ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔سکول بیگز کی تقسیم کے سلسلے میں اسلام آباد ماڈل سکول برائے طالبات ایف سیون ون اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا۔
وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود،پاکستان میں مقیم چینی سفارت کا ر یاؤ جنگ ، چیئرمین ہلال احمر پاکستان ابرار الحق، اورنائب صدر چائنا فاؤنڈیشن فار پوورٹی الیوی ایشن وانگ زنگوی نے تقریب میں خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہلال احمر پاکستان اورچائنا فاؤنڈیشن فار پورٹی الیوی ایشن کے تعاون سے پانڈا پیکس (Panda Packs) کی تقسیم دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے ابرار الحق کو ہلال احمر پاکستان کی بطور چیئرمین قیادت سنبھالنے پر مبارک باد دی اور اس اْمید کا اظہار کیا کہ ادارہ ان کی پر بصیرت قیادت و رہنمائی میں انسانی خدمت و فلاح کے نئے باب رقم کرے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی سفارت کار نے حکومت پاکستان کی جانب سے متعارف کئے گئے پروگرام (Education for All)کو کامیاب بنانے کے لئے تمام تر تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیاں پاکستان میں انسانی ترقی کے لئے اپنے وسائل بروئے کار لانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گی۔انہوں نے ابرار الحق کو ہلال احمر پاکستان کی قیادت سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور ادارے کی جانب سے انسانی فلاح و بہبود کے عظیم مشن کو مزید کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ابرار الحق نے کہا کہ پانڈا پیکس صرف سکول بیگزہی نہیں بلکہ چینی قوم کی جانب سے محبت سے بھرے تحائف ہیں جو تادم زندگی پاکستانی بچوں کے ذہنوں پر انمٹ نقوش ثبت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 61 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں مقیم ہے جہاں خاطر خواہ تعلیمی سہولیات میسر نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے طلبا میں سکول بیگز کی تقسیم ایک قابل ستائش قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین ہر مشکل صورت حال اور مرحلے میں پاکستان کے قدم سے قدم اور کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ہلال احمر پاکستان اور چائنا ریڈ کراس سوسائٹی کے درمیان تعاون و اشتراک بڑھتے ہوئے لمحوں کے ساتھ مزید مضبوط و مستحکم ہو گا۔ نائب صدر چائنا فاؤنڈیشن فار پورٹی الیوی ایشن وانگ زنگوی نے کہا کہ چین میں پانڈا امن کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ سکول کے بچوں میں پانڈا بیگز کی تقسیم چینی قوم کی جانب سے محبت اور نیک تمناؤں کی علامت ہے۔پروگرام کے تحت اسلام آباد کے دہی علاقوں میں واقع وفاقی سکولوں میں زیر تعلیم کلاس اول و پنچم کے طلبا ء-04 و طالبات میں 20,000 سکول بیگز تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ تادم تحریر 12,000طلباء-04 و طالبات کو بیگز دئے جا چکے ہیں اور باقی ماندہ کی تقسیم جاری و ساری ہے۔ تقریب میں ہلال احمر پاکستان اور فیڈرل ڈائریٹوریٹ آف ایجوکیشن کے افسران،رضاکاروں اور سکول کے بچوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔