پاکستان اور سری لنکا

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل شروع ہوگا

اسلام آباد (عکس آن لائن )پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جمعرات سے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، کراچی میں شروع ہوگا، میچ کے لئے دونوں ٹیمیں کراچی میں موجود ہیں،

دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ سے قبل بدھ کو بھی دونوں ٹیمیں سٹیڈیم میں پریکٹس کرینگی، دونوں ٹیموں کے درمیان اس سے قبل فروری 2009 میں کراچی کے مقام پر میچ کھیلا گیا تھا جو ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔پاکستان کی ٹیم کراچی میں 41 ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہے جس میں سے اس کو 21 میں فتح حاصل ہوئی۔ سری لنکن ٹیم دیمتھ کرونارتنے کی قیادت میں کراچی میں موجود ہے، سری لنکن کھلاڑی پاکستان آمد پر بہت خوش ہیں اور یہاں پر سکیورٹی کے وسیع انتظامات سے بالکل مطمئن ہیں۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا میچ بارش اور خراب روشنی کی نذر ہوگیا تھا اور بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوگیا تھا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے ، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے دوران سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی کے اطراف میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

سری لنکن ٹیم دیمتھ کرونارتنے کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ پاکستان ٹیم کی قیادت اظہر علی کرینگے۔19 سے 23 دسمبر تک نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کپتان دیمتھ کرونارتنے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں انجیلو میتھیوز، چندیمل، کوسال پریرا، نیروزن ڈکویلا، سنداکان، کاسون راجتھا، وشوا فرنینڈو، لاہیرو کمارا، لاستھ ایمبولدینیا، دلروان پریرا، دھنجایا ڈی سلوا، لاہیرو تھریمانے اور اوشاندہ فرنینڈو شامل ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے، ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا میچ مارچ 1982 میں نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا تھا، میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت جاوید میانداد اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کی قیادت بندولاورناپورا نے کی تھی، میچ میں پاکستان نے 204 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں