اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیراقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان نئے تاریخی باب کا آغاز ہو رہاہے، پاکستان اور روس خطے کے اہم ممالک ہونے کے ناطے سرمایہ کاری پر یقین رکھتے ہیں، روس پاکستان میں ریلوے اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کا اعادہ رکھتا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر اور روس کے وزیر تجارت ڈیننس مانتروو نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ہوا ہے اور روس کے ساتھ ریلوے نظام کی بہتری کےلئے تعاون پر بات ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ روس کے ساتھ دو بجلی گھروں کو فرنس آئل سے کوئلے پر منتقل کرنے کی بھی بات ہوئی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر تجارت ڈیننس مانتروو نے کہا کہ روسی کمپنیاں بایو ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان سے تعاون کےلئے تیار ہیں اور پیشہ وارانہ تربیت کے میدان میں بھی تعاون کا جائزہ لیں گے۔