برمنگھم (عکس آن لائن)برطانیہ کے قائد حزب اختلاف جرمی کوربن نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کا پر امن حل نکالیں۔ کشمیر کا معاملہ انسانی حقوق کے مسائل کے ساتھ نہیں چل سکتا۔
برمنگھم میں نجی ٹی وی سے انٹرویو میں لیبر پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ برطانوی عوام تقسیم کرنے والی گروہی سیاست نہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کا منشور دیکھ کر ووٹ ڈالیں۔جرمی کوربن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنا ہو گا جو کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ برصغیر کی فلاح اسی میں ہے کہ اس خطہ میں امن ہو۔
بی جے پی اور آر ایس ایس سے وابستہ انتہا پسند گروپوں کی جانب سے برطانیہ میں آباد ہندوکمیونٹی کو لیبر کی بجائے کنزرویٹو پارٹی کو ووٹ دینے کے حوالہ سے جاری پراپیگینڈا پران کا کہنا تھا کہ عوام کو سیاسی پارٹیوں کی پالیسی اور منشور کے مطابق ووٹ دینا چاہیئے نہ کہ مذہبی اور نسلی تقسیم کی بنیاد پر۔ جبکہ برطانیہ میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا اور ہیٹ کرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات پر جرمی کوربن کا کہنا تھا کہ ان کا تدارک وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، معاشرے میں ایسے رویوں اور واقعات کی کوئی گنجائش نہیں۔
لیبر لیڈر کا کہنا تھا کہ ان کے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ برطانوی سیاست میں پہلی مرتبہ کسی سیاسی جماعت نے ریکارڈ تعداد میں خواتین کو الیکشن میں ٹکٹ دیا ہے۔ جرمی کوربن نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آئندہ الیکشن کے بعد لیبر پارٹی کی پارلیمانی پارٹی میں خواتین کی اکثریت ہو گی اور یہ برطانیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو گا۔ جرمی کوربن کا کہنا تھا کہ ان کے انتخابی منشور میں تعلیم ، ہاؤسنگ اور چھوٹی صنعتوں کے فروغ کے لئے مزید سرمایاکاری کو یقینی بنایا گیاہے، تمام کمیونیٹیز کو اپنی شناخت اور ثقافت پر فخر ہونا چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک متنوع معاشرہ ایک مضبوط معاشرہ کاضامن ہے۔